سبی: ریموٹ کنٹرول بم برآمد، مانسہرہ میں دہشت گرد، خیبر ایجنسی سے28 مشتبہ افراد گرفتار

سبی/ جمرود/ مانسہرہ (نیوز ایجنسیاں) سبی کے علاقے گوڑی کے قریب دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا کر سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا گیا۔ مانسہرہ میں ایک دہشت گرد گرفتار کر لیا گیا جبکہ خیبر ایجنسی میں سرچ آپریشن کے دوران 28 مشتبہ افراد پکڑے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بی ایریا لیویز تھانہ لہڑی لنگ روڈ گوڑی گاؤں کے قریب نامعلوم افراد نے دہشت گردی کیلئے روڈکنارے ریموٹ کنٹرول بم نصب کررکھا تھا جس کی طلاع ملتے ہی سکیور ٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر روڈ کو بند کردیا اور بم ڈسپوزل عملے کو طلب کرکے بم کو ناکارہ بنا کر ایک میٹر تار دو عدد ڈیٹونیٹر اور 10کلو بارودی مواد برآمد کرلیا۔ علاوہ ازیں خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر چھاپہ مار کر 28 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا اور تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ منگل کے روز ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا۔ ادھر کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے مانسہرہ میں این جی او کے دفتر پر حملے میں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ایبٹ آباد ریجن نے دربند میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد قاری رشید کو گرفتار کرلیا ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ملزم کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق قاری رشید کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر ابابیل سے ہے، قاری رشید کو انسداد دہشت گردی عدالت ایبٹ آباد میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 2010ء میں مانسہرہ کے علاقے اوگی میں این جی او کے دفتر پر بم دھماکے کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ علاوہ ازیں ایف سی نے کچلاک میں کارروائی کے دوران برآمد کیا گیا 40 ہزار لٹر ایرانی ڈیزل کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔ ایف سی نے کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں کارروائی کی جس کے دوران 40 ہزار لٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا گیا تھا جو کہ کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق تیل غیرقانونی طریقے سے پاکستان لایا گیا تھا جبکہ تیل پر کسٹم ٹیکس بھی ادا نہیں کیا گیا۔ علاوہ ازیں ہری پور کے علاقے خانپور میں ناکہ بندی کے دوران پولیس نے ایک گاڑی سے پانچ سو ڈیٹونیٹر اور ایک ہزار میٹر سیفٹی فیوز برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ٹیکسلا سے آنے والی سوزوکی گاڑی کو روک کر جب تلاشی لی گئی تو گاڑی سے 1000 میٹر سیفٹی فیوز اور 500 ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...