سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی

Oct 07, 2015

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے اربوں روپے کے میگا سکینڈلز کے مقدمات کی تفصیلات چھپانے پر چیئرمین نیب چوہدری قمر الزمان کے خلاف آئین کے آرٹیکل204 کے تحت دائر توہین عدالت کی درخواست خارج کردی ہے، دوران سماعت جسٹس میاں ثاقب نثار نے درخواست گزار کو کہا کہ وہ چھوٹی چھوٹی بدعنوانی پر درخواستیں دائر کر کے عدالت کا وقت ضائع نہ کیا کریں بلکہ بڑی بدعنوانی کو سامنے لائیں پھر عدالت اس کا جائزہ لیکر آئین و قانون کے تحت کارروائی کرے گی، آپکی درخواست سے متعلق نیب مقدمات پہلے سے ہی فاضل عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ منگل کو جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اقبال حمید الرحمان اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل تین رکنی بنچ نے ڈاکٹر شفیق الرحمن کی توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گذار نے ذاتی حیثیت میں دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عدالت کے تین رکنی بنچ نے نیب سے ملک بھر میں بدعنوانی کے میگا سکینڈلز مقدمات کی تفصیل طلب کی تھی جس پر چیئرمین نیب کی جانب سے دس دس لاکھ روپے سے لیکرڈیڑھ دو کروڑ روپے تک کے مقدمات کی تفصیلات پر مبنی 150میگا سیکنڈلز کی فہرست عدالت میں پیش کردی گئی لیکن وسیع پیمانے پر کی جانے والی اربوں روپے کی بدعنوانی سے متعلق اصل مقدمات کو جان بوجھ کر عدالت سے چھپا لیا گیا۔بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سے اتفاق نہ کرتے ہوئے درخواست خارج کردی ۔

مزیدخبریں