اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پارٹی قیادت سے اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں عمران خان سمیت کسی سے کوئی اختلاف نہیں۔ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں متحد ومنظم ہے، سازشی عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے جھوٹی خبریں اڑا رہے ہیں۔ منگل کے روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لاہور کے جلسے میں شرکت نہ کرنے پر چند لوگوں نے سوشل میڈیا پر پارٹی سے اختلافات کی خبریں چلا دیں۔ شاہ محمود قریشی نے ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرسٹ کزن کے انتقال کے باعث سیاسی سر گرمیاں نہیں کرسکا جس روز سی ای سی کا اجلاس اور جلسہ تھا اسی روز نماز جنازہ تھی۔ حالیہ دنوں میں عمران خان کی این اے 122 کی انتخابی مہم میں شمولیت کے باوجود اس میں نظر نہیں آرہے ۔ لاہور میں ہونے والے سنٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس اور سمن آباد میںمنعقدہ جلسے میں بھی شاہ محمود قریشی غیرحاضر رہے جس پر نہ صرف پارٹی کے اندر بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔