کراچی (آن لائن ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیالوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف تیر کے نشان والے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں کیونکہ تیر کے نشان والے ہی بھٹوازم کے حقیقی نمائندے ہیں۔ بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی بدین کے منتخب ارکان، ضلعی عہدیداروں اور مقامی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تیر کے نشان والے امیدوار ہی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے حقیقی پیروکار ہیں، پارٹی سے باہر کے کچھ لوگ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور میرے پورٹریٹ استعمال کر رہے ہیں ان کا پاکستان پیپلزپارٹی اور جیالوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس میں بدین اور ٹنڈو محمد خان اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداران، منتخب ارکان اور مقامی رہنماؤں کے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کی صدارت کی۔اجلاسوں میں شریک عہدیداراں، خصوصاً بدین ضلع سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے بتایا کہ بدین میں کچھ فریبی لوگ بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم میں پیپلزپارٹی کے پورٹریٹ استعمال کر کے پارٹی کے ہی امیدواروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔