اکرا (اے پی پی) گھانا میں بدعنوانی کے الزام میں اعلیٰ عدالت کے سات ججوں کو معطل کردیا گیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ججوں کی معطلی کا فیصلہ ایک صحافی کے الزام (کہ اس نے ان ججوں کی رشوت وصولی کے دوران فلم بنائی ہے) کی روشنی میں ملک کی جوڈیشل کونسل کی سفارش پر نائب صدر کویسی بکوئے امیسا اروتھر نے کیا۔جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہائی کورٹ کے 12 ججوں میں سے سات کو فوری طور پر کام سے روک دیا گیا ہے۔ صدر نے ملک کے چیٖف جسٹس سے کہا ہے کہ وہ ان ججوں کیخلاف بدعنوانی کے الزامات کے تحت مقدمات درج کریں۔ایک مقامی روزنامے نے اپنی اشاعت میں الزام لگایا تھا کہ عدلیہ کے حکام اپنے سائلین کے حق میں فیصلوں سمیت تمام امور کیلئے رشوت وصول کرتے ہیں۔