عدن (صبا نیوز+ اے ایف پی+ آن لائن) یمن کے شہر عدن میں حوثی باغیوں نے حکومتی عہدیداران کے زیرِاستعمال ہوٹل پر راکٹوں سے حملہ کر دیا۔ وزیراعظم، نائب صدر اور دیگر حکومتی عہدیدار حملے میں بال بال بچ گئے۔ متحدہ امارات کے 4 فوجیوں سمیت 15 افراد مارے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق باغیوں نے عدن کے مختلف علاقوں میں راکٹوں سے حملہ کیا،حوثی باغیوں نے شہر کے المعروف القصر ہوٹل جہاں یمنی وزیراعظم، نائب صدر اور دیگر حکومتی عہدیدار موجود تھے 3 راکٹ داغے جس کے بعد عمارت میں آگ کے شعلے اور کالے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے۔ حکام کے مطابق ایک راکٹ ہوٹل کے گیٹ، دوسرا ہوٹل کے قریب آ گرا تاہم ان حملوں میں کسی حکومتی عہدیدار کی ہلاکت نہیں ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق القصر ہوٹل میں وزیراعظم اور نائب صدر خالد بحاہ اور دیگر یمنی حکومتی عہدیداران کے درمیان ایک اہم اجلاس جاری تھا۔ سعودی اور اتحادی فوجیوں کی بیرکوں اور تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ تیسرا راکٹ ضلع برائقہ میں گرا۔ مرنیوالوں میں حکومت کی حامی ملیشیا کے ارکان بھی شامل ہیں۔داعش کے ترجمان نے دعویٰ کیا جس ہوٹل میں وزیراعظم اور حکومت کے دیگر عہدیدار قیام پذیر تھے اس پر ہمارے 4 جنگجوؤں نے خودکش حملے کئے ہیں۔ یمن کے 11، متحدہ امارات ک ے4 فوجیوں سمیت 22 افراد ہلاک کر دئیے۔
یمن: ہوٹل، بیرکوں پر راکٹ حملے،15 افراد ہلاک، وزیراعظم نائب صدر بچ گئے
Oct 07, 2015