سینٹ میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے خودمختار ادارہ بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینٹ نے انٹی کرپشن کا آزاد اور خودمختار ادارہ بنانے سمیت آڈیٹر جنرل کو وزارت خانہ کی ماتحتی سے نکالنے سمیت انسداد بدعنوانی کی کئی سفارشات پر اتفاق کیا ہے۔ سینٹ میں خطاب کے دوران سنیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا احتساب کا ایسا قانون ہونا چاہئے جس میں کوئی مقدس گائے نہ ہو، کیا کبھی کسی جج کا مواخذہ ہوا؟ اعتزاز احسن نے کہا حکومت پر الزام لگے تو بیوروکریٹ کا قصور، پی پی کرے تو وزیر کو دھر لیا جاتا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے سفارشات پیش کیں کہ انسداد کرپشن کا ایک محکمہ ہو جس پر کوئی اثرانداز نہ ہوسکے۔ نیب اور ایف آئی اے کی حدود کا تعین کیا جائے۔ معلومات تک رسائی کا حق سب کو دیا جائے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کرگل پر چڑھائی ہوئی، کشمیر کا مسئلہ خراب ہوا، کیا کسی کا احتساب ہوا، اسامہ بن لادن پاکستان میں مارا گیا، کسی کا احتساب ہوا؟ کہا جاتا ہے عدلیہ اور سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کا اپنا احتساب کا نظام ہے، کیا کسی جج کا مواخذہ کیا گیا؟ اطلاعات تک رسائی کا بل تیار کرتے ہوئے قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کو خبردار کیا گیا، یہ حساس معاملہ ہے، پہلے وزارت دفاع سے این او سی لیا جائے، اطلاعات تک رسائی کا بل بنایا مگر 18 ماہ سے وفاقی کابینہ میں پیش نہیں کیا گیا۔ اعتزاز احسن نے کہا احتساب حکومت اور حزب اختلاف دونوں کا ہونا چاہئے اور فوج سمیت سب اداروں کا ہو۔ حکومت پر لگا نندی پور کا الزام ٹیکنیکل مسئلہ بنایا جا رہا ہے، آپ پر الزام لگے تو بیوروکریٹ کا قصور، پی پی کرے تو وزیر دھر لیا جاتا ہے۔ میٹرو بس کا ٹینڈر نہیں دیا گیا۔ پی پی کا وزیر ہوتا تو جیل بھجواتے، 100 میگاواٹ کے سولر پارک کی اصل پیداوار 11 میگاواٹ ہے، یہ میگا کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، ان پر وضاحت نہیں آئی۔ ایل این جی کا معاملہ طے نہیں ہوا لیکن ٹھیکیدار کو 2 لاکھ 72 ہزار ڈالر یومیہ دیئے جا رہے ہیں۔ وزراء تصدیق یا تردید کریں کہ میاں نوازشریف نے 94 ء سے 96ء تک کوئی انکم ٹیکس نہیں دیا۔ میاں صاحب نے ان تین برسوں میں 477 روپے ٹیکس دیا، دستاویزی ثبوت موجود ہے۔
اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) سینٹ میں کمپنیز ترمیمی بل 2015ء منظور کر لیا گیا۔ سینٹ میں سٹاک ایکسچینج کارپوریٹائزیشن، ڈی میوچلائزیشن اور انضمام کا ترمیمی بل منظور کیا گیا۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے سینٹ میں اپنے بیان میں کہا پرویز مشرف نے لوگوں کو قتل کرایا، مشرف نے 12 اکتوبر کی انکوائری اسلئے نہیں کرائی کیونکہ وہ خود ملوث تھے۔ پیپلز پارٹی نے 5 سال بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات نہیں کرائیں کیونکہ وہ خود ملوث تھی۔ ہم نندی پور میں ملوث نہیں اسلئے انکوائری کرا رہے ہیں۔ ایان علی پکڑی گئی، کسی نے پوچھا وہ کس کا پیسہ لے کر جا رہی تھی، کن لوگوں کی وجہ سے سیاست، سیاستدان اور جمہوریت بدنام ہوئی، سندھ میں 60 سے 70 عہدیدار بشمول چیف سیکرٹری عبوری ضمانت پر ہیں۔ مارک سیگل بیان دیتے ہوئے رو پڑا، آپ نے قاتلوں کو مفاہمت کے نام پر ساتھ بٹھایا۔ نوازشریف سے سوال پوچھنے والوں نے کیا زرداری صاحب سے پوچھا اتنا پیسہ کہاں سے لائے؟ ڈالروں سے بھری لانچ پکڑی گئی کیا ان سے پوچھا گیا، میں نہیں کہتا آج کرپشن نہیں، کسی نے ایل این جی، نندی پور میں کرپشن کی تو ان پر لعنت ہے۔ صباح نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے سینٹ کے اجلاس میں اپنے تحریری جواب میں بتایا2015 ء کے دوران ملک بھر میں دہشت گردی کے 821 واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں 558 افراد جاں بحق جبکہ ایک ہزار 7 زخمی ہوئے ہیں ۔ ڈپٹی چیرمین مولانا عبدالغفورحیدری کی زیرصدارت سینٹ اجلاس میں بتایا گیا اس وقت ملک میں 10 فوجی عدالتیں کام کررہی ہیں جبکہ 11ویں پر کام جاری ہے، فوجی عدالتوں میں تعینات ججوں سے متعلق معلومات افشا نہیں کی جاسکتی۔ انسانی سمگلنگ کے حوالے سے تحریری جواب میں وزارت داخلہ نے کہا 2002 ء سے اب تک ملک میں انسانی سمگلنگ کا شکارافراد کی تعداد 4 ہزار 522 ہے، انسانی سمگلنگ کے قانون سے آج تک ایک ہزار 313 مجرموں کو سزا ہوئی۔آن لائن کے مطابق سینٹ میں کرپشن کیخلاف بل پیش ہونے پر پی پی ارکان پھٹ پڑے، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف سمیت اپوزیشن ارکان نے حکومت سمیت عسکری اداروں، عدلیہ اوردیگر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا جب تک بلاتفریق تمام اداروں کا آڈٹ و کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات نہیں کئے جاتے اس وقت تک ایسے بل بے معنی ہونگے۔ جس ملک کا وزیراعظمتین سال میں 479 روپے ٹیکس ادا کرے اس ملک کا وہی وزیراعظم آج ارب و کھرب پتی کیسے بن گیا ۔ نندی پور سولر پراجیکٹ ، میٹرو بس سب کرپشن کے میگا سکینڈلز ہیں کون تحقیقات کرے معلوم نہیں ؟ نیب ، ایف آئی اے خود کرپٹ ترین ادارے ہیں۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ایل این جی، نندی پور پر جیسے منصوبوں پر مطمئن ہوں انکوائری کرا لیں جو بھی احتساب کرنا ہے ہمارا گریبان حاضر ہے، آڈیٹر جنرل آڈٹ کر رہے ہیں کسی اور سے آڈٹ کرانا ہے تو بھی بتا دیں۔ چیئرمین صاحب آپ نندی پور کے معاملے پر جو بھی رولنگ دینگے منظور ہو گی بے شک قومی اسمبلی اور سینٹ ارکان پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی بنا لیں۔ ایوان بالا کا اجلاس آج بدھ کی صبح ساڑھے دس بجے ملتوی کر دیا گیا۔ اے پی پی کے مطابق سینٹ میں یورو بانڈ کے اجراء کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس جمعہ تک موخر کر دیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا بھارت کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔ ایوان بالا میں بھارت کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیوں کے معاملے پر تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارتی میڈیا پالیسی کے مطابق نقصانات کو ظاہر نہیں کرتا۔ وقائع نگار کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے حکومت کی کوششوں سے ریلویز کا شعبہ اپنے ٹریک پر آگیا ہے گزشتہ دو برسوں میں ریلوے کی آمدن 18ارب روپے سے بڑھ کر 32ارب روپے ہوگئی ہے وزارت کی کوششوں سے ریلویز کا خسارہ کم ہو رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے ایوان بالا میں ارکان کی جانب سے پوچھے سوالات کے جواب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا پچھلے دو سال کے دوران پاکستان ریلوے کی آمدنی میں اضافہ اور خسارے میں کمی ہوئی ہے‘ 16 ریلوے سٹیشنوں پر جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر جاوید عباسی‘ سینیٹر عثمان کاکڑ اور سینیٹر تنویر خان کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عمل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیکٹا ایک فعال ادارہ ہے۔ رواں مالی سال کے لئے اس کے بجٹ میں 20 گنا اضافہ کیا گیا ہے اور اس کا بجٹ 2110 ملین روپے تک پہنچ گیا ہے۔ یہ ادارہ پہلے سے بہت فعال ہے اور وزیراعظم نیکٹا بورڈ کے سربراہ ہیں اور اعلیٰ عسکری حکام کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ بھی اس کا حصہ ہیں۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے اپوزیشن کی جانب سے نندی پور اور ایل این جی منصوبوں میں کرپشن کے الزامات کی تحقیق کے لئے ایوان کی اخلاقیات پر تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کے سپرد کرنے کی پیشکش کی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...