لاہور (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ11 اکتوبر ملک کی تعمیر وترقی اور روشن پاکستان کی جیت اور الزامات کی سیاست دفن کرنے کا دن ہے۔ انشاء اللہ باشعور عوام کے درست فیصلے پر جیت سردار ایاز صادق کی ہی ہوگی۔ عمران خان جوڈیشل کمشن کے بعد عوام سے بھی اسی طرح مسترد ہو جائیں گے اور انکا دھاندلی کا واویلا ہمیشہ کے لئے اپنی موت آپ مر جائیگا۔ این اے 122 کے مرکزی دفتر فیروزپور روڈپرخواتین کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ ایاز صادق اور علیم خان کے درمیان نہیں بلکہ قبضہ گروپ کیخلاف ہے۔ عمران خان 11 اکتوبر کا انتظار کریں انہیں اپنی سیاسی حیثیت کا بخوبی اندازہ ہوجائیگا۔ اس مقابلے میں تمام تر منفی پراپیگنڈے کے باوجود شیر ہی جیتے گا اور ملک کو ’’ریورس گیئر‘‘ لگانے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس حلقے سے مسلسل تین بار کامیابی ہمار ی کارکردگی کا منہ بولتاثبوت ہے۔ دوسری جانب جے یو آئی اور جے یو پی نے این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ سردار ایاز صادق کی حمایت کا اعلان جے یو آئی کے قائم مقام سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان نے دارالعلوم عثمانیہ رسول پارک میں سردار ایاز صادق کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا اس موقع پر جے یو آئی لاہور کے امیر مولانا محب النبی، مولانا سیف الدین سیف، حافظ اشرف گجر، بلال احمد میر،مفتی عزیز الرحمان،حافظ نصیراحمد احرار ودیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں منگل کو وفاقی وزیر خواجہ سعدرفیق اور حمزہ شہباز نے انس نورانی اور ان کے وفد سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر انس نورانی نے ضمنی الیکشن میں جے یو پی کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔