قومی یکجہتی و اتحاد موجودہ حالات انتہائی ناگزیر ہے : خواجہ احمد حسان

لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان کی موجودہ قیادت خالص پاکستانی ہے‘ جو صرف اور صرف پاکستان کے بارے میں سوچتی ہے۔ موجودہ حالات میں مکمل قومی یکجہتی واتحاد کی ضروت ہے۔ آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں اور ہماری اولین شناخت پاکستانی ہے ۔ ان خیالات کااظہار سینئر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسان نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کی دعوت پر صوبہ سندھ،خیبر پختونخوا،بلوچستان، آزادکشمیر،چترال اور گلگت و بلتستان سے طلبا و طالبات اور اساتذہ پر مشتمل وفود سے ملاقات کے دوران کیا جس نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ 90۔ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمداور سیکرٹری شاہد رشید بھی موجود تھے۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایسے کاروان خیر سگالی وقومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ،اس کے ذریعے آپس میں مل بیٹھ کر ایکدوسرے کے خیالات جاننے کا موقع ملتا ہے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نئی نسلوں کی نظریاتی تعلیم وتربیت کے ذریعے اہم فریضہ انجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے کشمیر کا ایجنڈہ اقوام عالم کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا ۔

ای پیپر دی نیشن