توہین عدالت ‘بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کی آج چھٹی کاامکان

Oct 07, 2016

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک)سپریم کورٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے اصلاحات کے نفاذ تک سٹیٹس یونٹس کو رقوم کی منتقلی سے روک دیا ہے ۔اعلیٰ عدالت نے بی سی سی آئی کو یاد دلایا کہ لودھا کمیٹی کی سفارشات میں بتایا گیا ہے سٹیٹس یونٹس کو رقوم کی منتقلی سے قبل اصلاحات کا نفاذضروری ہے ۔چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر نے کہا کہ مشاہد ہ میںآیا ہے کہ رقوم منتقل کی جارہی ہیں ۔ یہ عوامی دولت ہے جسے ضائع کیا جارہا ہے ۔ہر کوئی جانتا ہے کہ یہ رقم کہا ں جا رہی ہے ۔اسے سب سے پہلے عوامی مفاد میں خرچ ہونا چاہئے۔اس وقت بھارتی کرکٹ بورڈ کے بنک اکائونٹ میں 3576.17کروڑ روپے موجود ہیں۔رقوم کے حوالے سے عدالت کے واضح احکامات جاری ہو چکے ہیں۔امکان ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ سپریم کورٹ میں اصلاحات کے حوالے سے ضمانت نامہ داخل نہیں کرے گا۔ توہین عدالت پر بی سی سی آئی عہدیداروں کا بستر بوریا گول ہوسکتا ہے ۔ عدالت نے کہا تھا کہ اگر جمعہ تک جواب داخل نہ کیاگیا کہ تمام اصلاحات غیر مشروط نافذہونگی تو تمام عہدیداروں کو گھر بھیجا جا سکتا ہے ۔ کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے بتایا کہ آج عدالتی حکم نامے کا انتظار کرینگے ۔ شارٹ نوٹس پر اصلاحات نافذ نہیں ہوسکتی ہیں۔جب تمام ممبر بورڈ اس کیلئے راضی نہیں ہونگے تو بورڈ کیا کر سکتا ہے ۔

مزیدخبریں