لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر ) ویسٹ انڈیز اور پاکستان کرکٹ بورڈ پیٹرنز الیون کے درمیان تین روزہ پریکٹس میچ آج سے شارجہ میں شرو ع ہوگا۔پیٹرنز الیون کی قیادت فواد عالم کرینگے ۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی قیادت جیسن ہولڈر کرینگے ۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین یونس خان مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بتایا کہ یونس خان نے مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے سبب پہلے ٹیسٹ میچ سے دستبرداری کے بارے میں چیف سلیکٹر انضمام الحق کو مطلع کردیا ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 13 اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا جو پاکستان کی تاریخ کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ بھی ہوگا۔ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کل تک متوقع ہے۔38 سالہ یونس خان تیز بخار کے سبب کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل تھے۔یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے ہلکی پھلکی ٹریننگ شروع کردی تھی لیکن ڈاکٹروں نے انھیں مزید آرام کی ہدایت کی ہے۔یونس خان نے 108 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ انھیں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے دس ہزار رنز کی تکمیل کے لیے صرف 544 رنز درکار ہیں۔
ویسٹ انڈیز پیٹرنز الیون کے درمیان پریکٹس میچ آج سے شروع یونس خان پہلے ٹیسٹ سے آئوٹ
Oct 07, 2016