مسئلہ کشمیر پر بھرپور توجہ دینے کیلئے پاکستان میں اندرونی خلفشار ختم ہونا چاہئے: علی گیلانی

Oct 07, 2016

سرینگر (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہو‘ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے قبضے سے آزاد کروا کر رہیں گے۔ نوجوانوں سے استقامت کی اپیل کرتے ہیں۔ سرینگر سے وقت نیوز کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت کر رہا ہے مگر دنیا خاموشی اختیار کرکے مجرمانہ غفلت اختیار کر رہی ہے۔ بھارت نے عالمی سطح پر جو وعدے کئے ہیں‘ ان کو پورا کیا جانا چاہئے اور ہمیں حق خودارادیت کا موقع دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اوڑی واقعہ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کیا گیا۔ 9 جولائی کے بعد 100 سے زائد کشمیریوں کو بھارت نے شہید کیا۔ بھارتی فوج کی بربریت سے 14 ہزار 900 افراد زخمی ہوئے۔ پیلٹ گن کے استعمال سے کئی کشمیریوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا۔ 7600 ایسی قبریں ہیں جن کا نہیں معلوم مدفون کون ہیں۔ انہوں نے کہا ہم بھارت کے آئین کو تسلیم نہیں کرتے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کچھ خامیاں ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو مؤثر طریقے سے سفارتی سطح پر اجاگر نہیں کیا گیا۔ پاکستان کے اندرونی انتشار ختم ہونا چاہئے۔ اندرونی خلفشار کی وجہ سے پاکستان جموں کشمیر کے مسئلے کی طرف بھرپور توجہ نہیں دے سکتا۔

مزیدخبریں