بھارتی ایئر چیف کا ”ویئراز کیٹ“ والا رویہ

بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سی ایس دھنوا نے کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کا سراغ لگانے اور انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ایئر فورس ڈے پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کو سٹرائیک کر سکتا ہے۔ بھارتی فضائیہ چین اور پاکستان دونوں کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ، پاکستان اور چین سے ملحق اپنے سرحدی علاقوں میں واقع فوجی اڈوں پر رائفل جنگی طیارے تعینات کرنے جا رہا ہے۔گیدڑ بھبکیاں بھارتی سیاستدانوں اور فوجی کمانڈروں کا عمومی رویہ ہے۔ انکی عقل پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے جو پاکستان اور چین کو بیک وقت سبق سکھانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ انڈین ایئر چیف کا تازہ بیان ایسے ہی جیسے چوہے نے شرابی کی پھینکی ہوئی بوتل سے بچی ہوئی شراب کا ایک گھونٹ بھرا اور نشے میں دم پر کھڑا ہو کر کہنے لگا ویئراز کیٹ؟ بھارت کی بہرحال پاکستان کو دی جانیوالی دھمکیوں کو سنجیدہ لینے کی بھی ضرورت ہے۔ بھارت اپنے لڑکا طیارے سرحد پر لا رہا ہے جس سے وہ پاکستان پر آسانی سے اٹیک کرنے کی پوزیشن میں ہوگا ساتھ ہی سرحد کے ساتھ کھڑے اسکے طیاروں کو پاکستان آسانی سے ٹارگٹ بھی تو کر سکتا ہے۔ صورتحال اڑنے نہ پائے تھے کہ گرالئے گئے والی ہو سکتی ہے‘ گویا اپنے دام میں صیاد آگیا۔ چند روز قبل بھارتی آرمی چیف جنرل راوت نے بھی سرجیکل سٹرائیک کی دھمکی دی تھی۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھارتی فوجی کمانڈر کے بیان کا کھرا اور دو ٹوک جواب دیا ہے کہ اگر بھارت نے سرجیکل سٹرائیک کی تو کسی ملک کو بیچ میں نہیں آنے دیں گے۔ بھارت کی ممکنہ جارحیت کا دو ٹوک جواب دینے کیلئے پاکستان کو اپنے گھوڑے ہمہ وقت تیار رکھنے ہونگے۔

ای پیپر دی نیشن