سیاسی مفکرین کے مطابق جمہوریت کی تعریف عوام کے ذریعے عوام کی حکومت اور عوام کے لئے ۔۔۔ لیکن بدقسمتی سے ہمارے جیسے ملکوں میں جمہوریت کی تعریف خواص کی حکومت خواص کے ذریعے اور خواص کے لئے ہے یا یوں کہیئے کہ طاقتور کی حکومت طاقتور کے ذریعے اور طاقتور لوگوں کے لئے ہے اسی لیئے جمہوریت کی اِس بدصورتی کو ہمارے گارڈ فاردز ٹائپ رہنما اپنے مفادات اور نقطہ نظر کے مطابق جمہوریت کا حسن قرار دیتے ہیں جہاں تک ہمارے عوام کا تعلق ہے تواُنکی اکثریت جمہوریت کی بجد سے بھی واقف نہیں اگر واقف ہوتے تو آج 70 برس گزر جانے کے باوجود ملک کی حالت یہ نہ ہوتی جو آج ہے وہ صرف ایک گارڈ فارد کی حکومت جانے کے بعد دوسرے گارڈ فادر سے اُمیدیں وابستہ کرنااُنکی اولادوں اور حواریوںکو آزمانے کے باوجود دوبارہ ووٹ دے کر اور کامیاب کراکر اپنی گردنوں پر مسلط کرتے ہیں ۔ اگر ہم قیام پاکستان سے لے کر2017تک اپنی سیاسی تاریخ کا بغور جائزہ لیں تو ہماری سیاست کی بنیاداقتدار کی رسہ کشی سے شروع ہو کر کھوکھلے جذباتی نعروں سے آگے نہیں بڑھتی جمہوریت اور آمریت ۔۔۔ سول اور ملٹری تعلقات کے ٹکراﺅ کی ایک طو یل داستان ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لیتی ۔۔۔ کبھی عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کے سہانے خواب دکھا کر ۔۔۔ کبھی مذہب کے نام پر حکمرانوں نے عوام کو لوٹا اور کبھی لسانیت اور صوبائیت کی سیاست کو پروان چڑھا کر بلکہ یو ں کہیے ۔۔۔۔ عوام کو اِن کے جنون میں مبتلاکرکے قوم کو لاشوں کے تحفے دئیے ۔۔۔ جبکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو کون سی ایسی نعمت ہے جس سے نہ نوازا ہو ۔۔۔ ہماری زمین زرخیز ہے اور آج ہم 22کروڑ عوام کو کھانے کے لئے چاول ۔۔ گیہوں ، چینی فراہم کرنے کے بعد دنیا میں ایکسپورٹ بھی کر رہے ہیں پاکستان دنیا بھر میں کینو کی پیداوار میں پہلا چنے کی پیداوار میں دوسرے کپاس ،چاول ، کھجوراور خوبانی کی پیداوار میں چوتھا بڑا ملک ہے اِسی طرح مچھلی ،دودھ ، اور گنے کی پیداوار میں پانچویں ، گندم کی پیداوار میں چھٹے، خشک میوہ جات پیاز اور آم کی پیداوار ساتویں، قیمتی پتھروں اور سنگ ِ مرمرکی پیداوار میں آٹھویں، حلال گوشت کی پیداوار میں نویں، اور سیمنٹ اور چاول کی پیداوار میں بارہویں نمبر پر ہے۔اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ گھی پیدا کرنے والا ملک ہے جبکہ ہمارے ملک میں دنیا کے سب سے بڑے نمک کے ذخائر موجود ہیں پاکستان میں کوئلے جبکہ سونے اور تانبے کے دنیا کے پانچویں بڑے ذخائر موجود ہیں ہمارے ملک میں دنیا کے بڑے ٹیکسٹائل بر انڈز تیار کیئے جاتے ہیں پاکستان فٹ بال ، کرکٹ اورہاکی کا سامان بنانے والے ممالک میں سرفہرست ہے اسی طرح پاکستان خطے میں سیمنٹ ایکسپورٹ کرنے والا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے مینوفیکچرز سیکٹر اسٹیل ۔ آٹو موبائل۔ فرٹیلائزر ، ویجیٹیبل گھی،صنعتی کیمیکل ، پیٹرولیم ،پراڈکٹس، آٹو پارٹس اور بجلی کے پنکھوں کی صنعت میں حیرت انگیز ترقی کی ہے ۔۔۔۔لیکن ہمارے حکمرانوںنے قوم کے 70برس اقتدار کی رسہ کشی اور ملک کی دولت کو لوٹنے میں صرف کرادئیے۔۔۔ اب بھی وقت ہے ۔۔۔۔۔ کہ عوام کو جمہوریت کی اِس بد صورتی سے نجات حاصل کرنی چاہیے جسے یہ بڑے حکمران جمہوریت کے حسن کا نام دیتے ہیں ۔۔۔ جمہوریت کا حسن ملک میں تب ہی نظر آئے گا ۔۔۔جب پاکستان کے عوام متحد قوم بن کر اچھی قیادت منتخب کریں گے ورنہ ۔۔۔۔ یہ جمہوریت کی بد صورتی ۔۔ غریب کو غریب تر اور امیر کو امیر تر بناتی رہے گی ۔
جمہوریت کا حسن یا بدصورتی
Oct 07, 2017