جھل مگسی خودکس دھماکے کے شہدا کی تعداد 22 ہو گئی، فضا سوگوار، امریکہ ترکی کی مذمت

کوئٹہ (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) نصیر آباد کے علاقے جھل مگسی کی درگاہ سید رکھیل شاہ پر خودکش حملے میں جاں بحق 22 شہدا کو سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ درگاہ سے ملحقہ قبرستان میں شہدا کی تدفین کی گئی جبکہ اس موقع پر کوئی بھی منتخب حکومتی نمائندہ یا سرکاری عہدیدار لواحقین کی داد رسی کیلئے موجود نہیں تھا اور نہ ہی کسی نمائندے نے دھماکے کے بعد درگاہ کا دورہ کیا۔ دوسری جانب خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ جھل مگسی کی پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ خودکش حملے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار رہی۔ امریکہ نے جھل مگسی میں خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نیوئرٹ نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں امریکہ حکومت پاکستان اور اپنے دیگر شراکت داروں کے ساتھ ہے۔ ترک وزارت خارجہ نے بھی جھل مگسی میں درگاہ پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں جبکہ چانڈکا ہسپتال میں دھماکے کے زخمی 10 افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز اور تجارتی علاقے بند رہے۔
خودکش دھماکہ

ای پیپر دی نیشن