اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ایک گھنٹہ دس منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے پر مشاور ت کی گئی۔ وزیراعظم آفس میں سید خورشید شاہ اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی طرف سے دیئے گئے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات کے بعد سید خورشید شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے نام وزیراعظم کے سامنے رکھے ہیں۔ امید ہے مزید ایک دو ملاقاتوں میں چیئرمین نیب کے نام پر اتفاق ہوجائے گا، چیئرمین نیب کے ناموں پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔ کوشش ہے کہ چیئرمین نیب کا خوش اسلوبی سے تقرر ہوجائے گا۔ علاوہ ازیں برطانوی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنمائوں ڈی اے آئی یورپ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پر مشتمل وفد نے بھی خورشید شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں برطانیہ کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے لارڈ میلکم گرے بروس، بیرن بروس اور ڈی اے آئی یورپ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر آرچی ڈی لائٹ فٹ اور ڈی آر آئی کے حارث خالق شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملکی اور بین الاقوامی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اپوزیشن رہنما خورشید شاہ نے وفد کے سربراہ کو ایک سوینئر بھی پیش کیا۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینزکے ارکان قوامی اسمبلی شازیہ عطا مری، ڈاکٹر عزرا فضل اور نفیسہ شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم ‘ اپوزیشن لیڈر ملاقات: چیئرمین نیب کے لئے مشاورت‘ پی ٹی آئی متحدہ کے ناموں پر غور
Oct 07, 2017