اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان اوروزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز کے حوالے سے چوتھی پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ کے نگران جج ، جسٹس اعجاز الاحسن کے پاس جمع کرادی ۔ ذرائع کے مطابق نیب نے نگران جج کے چیمبر میں پیشرفت رپورٹ جمع کروائی جس میں انہیں اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیاہے ۔ رپورٹ میں رواں ہفتے احتساب عدالت کی کارروائی کی آرڈر شیٹس ،کیپٹن صفدر ،حسن اور حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی شامل ہیں جبکہ مریم نواز کے قابل ضمانت بھی رپورٹ کا حصہ ہیں ۔ رپورٹ میں نوازشریف کی پیشی کے موقع پر جاری حکم نامہ اور اسحاق ڈار کی تیسری پیشی کے موقع پر استغاثہ کے پہلے گواہ کے بیان کے حوالے سے بھی بتایا گیا ہے ، جبکہ آئندہ سماعت پر طلب کئے گئے دو گواہان کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے، یاد رہے کہ احتساب عدالت کی طرف سے نوازشریف کو 9اکتوبراور اسحاق ڈار کو 12اکتوبر کو پھر طلب کیا گیا ہے۔
اسلام آباد:شریف خاندان‘ اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز کی چوتھی پیشرفت رپورٹ نگران جج کے پاس جمع
Oct 07, 2017