چیئرمین سینٹ سے سپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات وفاق اور صوبوں میں تعاون پر اتفاق

Oct 07, 2017

اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان گزشتہ روز اہم ملاقات ہوئی، آئینی وسیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینٹ و قومی اسمبلی میں ملک کی موجودہ حالات کے حوالے سے ان قریبی رابطوں پر اظہار اطمینان کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق خصوصی طور پر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو ملنے ان کے چیمبر آئے۔ چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی۔ جمہوری اداروں کے استحکام اور سیاسی و جمہوری قوتوں میں تعاون کی سازگار فضا قائم کرنے کے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاق اور صوبوں کی تعلقات کار کو مزید فروغ دینے کیلئے اقدامات ہونے چاہیے۔ اسی طرح اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے بھی پارلیمنٹ کردار ادا کرسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اداروں میں قریبی روابط سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق سے پاکستان کے ملائیشیا کے لیے نامز د ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ سر دار ایاز صادق نے پاکستان کی وزارت خارجہ میں دوران ملازمت مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے محمد نفیس زکریا کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ان کو بطور وزارت خارجہ کے ترجمان اور مسئلہ کشمیر کو موثر انداز پر اٹھانے کے لیے ان کی تعریف کی۔ سپیکر نے بطور خاص ینگ پارلیمنٹر ی فورم و دیگر پارلیمانی سرگرمیوں میں نامزد ہائی کمشنر کے تعاون کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا جس کے ذریعے پاکستان کا تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہوا۔ نامزد ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ 

مزیدخبریں