اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنی گالہ اراضی، جمائمہ کو ادائیگیوں کی دستاویزات جمع کروادی ہیں۔ عمران خان کی جانب سے جمائمہ خان کو ادا کئے گئے 5 لاکھ 62 ہزار پائونڈز و دیگر تفصیلات بھی جمع کروا دی گئی ہیں۔ دستاویزات حنیف عباسی کی درخواست کے حوالے سے جاری عمران نااہلی کیس میں جمع کروائی گئی ہیں۔ جمعہ کے روز جمع کروائی گئی دستاویزات میںعدالت کو بتایا گیا ہے کہ بنی گالہ کی اراضی پر تعمیر کے نقشے کے 79 ہزار پائونڈز جمائما خان نے عمران خان کو بھیجے تھے۔ الیکشن کمیشن میں 2003ء میں جمع کرائے گئے گوشوارے میں رقم جمائماخان سے آنے کی تمام تفصیلات موجود ہیں۔ نیازی سروسز کے اکائونٹ سے جمائمہ کو قرض کی ادائیگی ظاہر ہے، اینگلو آئریش بینک سے جمائمہ کورقم وصول کرنا بھی ثابت ہوتا ہے،قرض کی ادائیگی کے بعد نیازی سروسز کے اکائونٹ میں ایک لاکھ پائونڈ زکی رقم باقی رہ گئی تھی ،باقی رہ جانے والی رقم قانونی چارہ جوئی پر خرچ ہوئی تھی، ایسا کچھ نہیں بچا تھا جو مسول علیہ اپنے گوشواروں میں ظاہر کرتا، مسول علیہ 2002ء سے 2007ء تک ممبر قوی اسمبلی رہا ہے، رکن قومی اسمبلی رہنے کے دوران بھی اسے ایک لاکھ پائونڈز سے نہ رقم ملی نہ ہی کوئی رقم قابل وصول تھی، 2013ء کے الیکشن تک نیازی سروسز کے اکائونٹ میں پڑی تمام رقم خرچ ہو چکی تھی،اکائونٹ میں کوئی ایسی رقم نہیں تھی جو 2013کے گوشواروں میں ظاہر کی جاتی۔