اسلام آباد (نامہ نگار) حکومت نے ائیر مارشل فاروق حبیب کو پاک فضائیہ کا نائب سربراہ مقرر کر دیاگیا ہے۔ ائیر مارشل فاروق حبیب نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں جون 1982 میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے شاندارکیرئیر کے دوران انہوں نے فائٹر سکواڈرن اور آپریشنل ائیر بیس کی کمانڈ کی۔ کمانڈنٹ ائیروار کالج (فیصل) بھی تعینات رہے۔ سعودی عرب میں پاک فضائیہ کے سُپر مشاق طیاروں کے دستے کی کمان کے فرائض بھی سرانجام دئیے۔ ائیر ہیڈکوارٹرز میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز، اسسٹنٹ چیف آف ائیر سٹاف (سیفٹی) ڈپٹی چیف آف ائیرسٹاف (ٹریننگ) اور ڈپٹی چیف آف ائیرسٹاف (پرسنل) کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ ایک کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر ہونے کے علاوہ کمبیٹ کمانڈر سکول، ائیر وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے سٹرٹیجک سٹڈیز اور ڈیفنس اینڈ سٹرٹیجک سٹڈیز میں ماسٹر ڈگریاں حاصل کیں۔ انہیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) اور ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔