شعیب اختر نے لاہور قلندرز کو جوائن کر لیا

Oct 07, 2017

لاہور ( سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لےگ کی فرنچائز لاہورقلندر نے دنیا کے تیز ترین فاسٹ باﺅلرسابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اخترکو مینٹور مقرر کردیا ہے۔ شعیب اخترکا کہنا ہے کہ وہ لاہورقلندر سے مل کرباصلاحیت کھلاڑیوں کوقومی ٹیم کیلئے تیارکریں گے۔ قذافی سٹیڈیم میں لاہورقلندرکے ڈائریکٹر عاقب جاوید اورچیئرمین فواد رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھاکہ لاہورقلندر پی سی بی کیلئے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے جس سے یقینی طور پر نئے کھلاڑیوں کو مواقع ملنے کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کیلئے بھی کھلاڑی پیدا ہوں گے۔ان کا کہنا تھاکہ میرے دورمیں کھلاڑی مواقع نہ ہونے کی وجہ سے ٹھوکریں کھا کر بنتے تھے لیکن آج کل کے باﺅلرز اور بیٹسمین خوش نصیب ہیں کہ انہیں لاہورقلندر جیسی فرنچائزموجود ہیں جودوردرازکے علاقوں میں جاکرکھلاڑیوںکوتلاش کررہی ہے۔ انہوں نے عاقب جاوید کی دریافت فاسٹ حارث رﺅف کی تعریف کی جو 92 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے باﺅلنگ کررہے ہیں ۔ شعیب اختر کا کہنا تھاکہ وہ عاقب جاوید کے ساتھ مل کر اس باﺅلر کی سپیڈ میں مزید اضافہ کرکے عالمی سطح کا باﺅلر بننے میں مدد کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شعیب اختر کا کہنا تھاکہ ماضی میں بعض لوگوں نے بڑے کھلاڑیوں کی قدرنہیں کی جس کے باعث وہ برانڈ نہیں بن سکے اسی کا نتیجہ ہے کہ قومی ٹیم میںہمیں کوئی سپر سٹار نظرنہیں آتا۔اس موقع پر عاقب جاوید کا کہنا تھاکہ انہوں نے ایک لاکھ سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے ہیں جن میں حارث رﺅف کو گوجرانوالہ میں دریافت کیا اس کو اپنی اکیڈمی میں ٹریننگ دے رہے ہیں اورآئندہ ماہ وہ لاہور قلندر کے ساتھ آسٹریلیا کا دورہ بھی کریں گے جہاں کھیل کر ان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ لاہور قلندر کے چیئرمین فواد رانا نے کہاکہ وہ میرٹ پرکھلاڑیوں کو منتخب کرکے ٹریننگ دے رہے ہیں اور ان کا خواب ہے کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کو دنیا بھر میں متعارف کرائیں۔

مزیدخبریں