خیرپور اسپتال میںآر او پلانٹ 2دن میں فعال کرنے کاحکم

خیرپور(نامہ نگار)سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے مقرر پانی کمیشن کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم کی ہدایت کے مطابق خیرپور میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال کے مریضوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے آر او پلانٹ کی تنصیب کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر خیرپور نے کے ایم سی اسپتال میں آر او پلانٹ کی تعمیر اور مشنری نصب کرنے کے کام کا جائزہ لیا اور ایم ایس کے ایم سی کو ہدایت دی کہ دو دن کے اندر آر او پلانٹ کو فعال بناکر رپورٹ دی جائے ۔ ادھر دوسری جانب ڈی سی خیرپور نے کے ایم سی اسپتال میں مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں سے ادویہ اور دیگر سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں جہاں ان کو مریضوں نے شکایت کی کہ ڈاکٹرز کا رویہ صحیح نہیں اور ادویہ کی فراہمی میں لاپروائی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے جبکہ صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے جس پر ڈی سی خیرپور نے ایم ایس اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرزنش کی اور ان کو خبردار کیا کہ وہ مریضوں کو بروقت ادویہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی سے کام نہ لیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی دریں اثناء ڈی سی خیرپور نے شہر میں قائم گورنمنٹ پرائمری ناصر پبلک اسکول میں تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو ہدایت دی کہ اسکول میں تعمیراتی کام کی نگرانی ان کی ذمہ داری ہے ڈی سی خیرپور نے اسکول میں تعمیراتی کام اور صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر فور ی رپورٹ طلب کرلی ۔
خیرپور / اسپتال

ای پیپر دی نیشن