لاہور (صباح نیوز) قائدحزب اختلاف میاں شہباز شریف احتساب عدالت سے واپسی پربکتر بند میں بیٹھتے ہو ئے دھکوں کے باعث اپنا توازن کھو بیٹھے۔ہفتہ کو احتساب عدالت میں آشیانہ ہاوسنگکیس کی سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر نون لیگی رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ، جنہوں نے شہباز شریف کی عدالت آمد کے موقع پر بھی خوب جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے۔کیس کی سماعت کے اختتام پر احتساب عدالت سے جب میاں شہباز شریف باہر نکلے تو کارکن انہیں دیکھ کر جذباتی ہوگئے اور انہوں نے ناصرف ان کے حق میں نعرے بلند کیے بلکہ اس موقع پردھکم پیل کا مظاہرہ بھی کیا۔ دھکے لگنے کے باعث صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف اپنا توازن کھو بیٹھے اور انہوں نے گرنے سے بچنے کے لیے بکتر بند کے دروازے کا سہارا لیا۔ میاں شہباز شریف کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار اس صورت حال کو دیکھتے رہے، شہبازشریف سہارا لینے کے بعد بکتربند میں بیٹھ گئے۔ شہباز شریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت پہنچایا۔ احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکن بھی بڑی تعداد میں جمع تھے، جن کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔جیسے ہی شہباز شریف کو لے کر بکتر بند گاڑی احتساب عدالت پہنچی تو وہاں موجود لیگی کارکنوں نے گاڑی پر چڑھنے کی کوشش کی، جن میں خواتین بھی شامل تھیں، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے کارکنوں کو گاڑی سے نیچے اتار دیا۔اس دوران ایک لیگی کارکن گاڑی سے نیچے گر کر زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
شہباز شریف/ توازن