کلدیپ نائیر نے ساری عمر پاکستان، بھارت میں امن اور دوستی کا پیغام دیا: پوتی مندرا نائیر

لاہور (سٹاف رپورٹر)بھارتی صحافی اور دانشور کلدیپ نائیر کے امن کے ویژن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلدیپ نائیر کی پوتی مندرا نائیر جذباتی ہو گئیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کے دادا نے ساری عمر پاکستان اور بھارت کے مابین امن اور دوستی کا پیغام دیا لیکن امن کایہ خواب انکی زندگی میں پورا نہ ہو سکا۔ وہ ہر سال واہگہ بارڈر پر اس خواہش سے امن کی شمعیں روشن کرتے تھے کہ یہ روشنی دونوں ممالک میں پھیل جائے۔ سیفما کے سیکرٹری جنرل امتیاز عالم، ہیومین رائٹس کمشن آف پاکستان کے صدر آئی اے رحمان اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور کلدیپ نائیر کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ مندرا نائیر اپنے دادا کی ’’استیاں‘‘ راوی میں بہانے اوران کے نام کا پودا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں لگانے کے لیے دو روزہ دورہ پر پاکستان آئیں ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مندرا نائیر نے شرکاء کو مزید بتایا کہ ان کا سارا بچپن دادا سے پاکستان کی کہانیاں سنتے گزرا، کلدیپ نائیر تو بھارت میں تھے لیکن ان کا دل ہمیشہ ان کی جنم بھومی پاکستان میں تھا۔ مندرا نے کہا کہ جب پاکستان میں نئی حکومت آئی تو کلدیپ نائیر وینٹی لیٹر پر تھے اور میں نے انہیں آئی سی یو میں عمران خان کے وزیرِاعظم بننے کی خبر دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیفما کے سیکرٹری جنرل امتیاز عالم کا کہنا تھا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ پاکستان اور بھارت میں جو بھی امن کی بات کرتا ہے اسے شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کلدیپ نائیر ایک محب وطن بھارتی تھے لیکن انہیں پاکستان سے بھی بے حد پیار تھا۔

ای پیپر دی نیشن