آئی سی سی ٹیم کا ٹرافی کے ساتھ اسلام آباد، بھوربن کا دورہ

Oct 07, 2018

اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ2019 ٹرافی نے اسلام آباد کے سٹی ٹور کے ساتھ ساتھ پاکستان کے تفریحی مقام بھوربن کا دورہ کیا، ٹرافی دو روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں رہی جس کے بعد اسے کراچی روانہ کر دیا گیا۔ ٹرافی پاکستان میں 8 اکتوبر تک قیام کرے گی۔ ہفتہ کی صبح ورلڈ کپ ٹرافی کو بھوربن لے جایا گیا جہاںچنار گالف کلب بھوربن میں ٹرافی کی رونمائی ہوئی۔ ٹیسٹ کرکٹرفاسٹ بولر جنید خان نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ بھوربن سے واپسی پرسخت حفاظتی انتظامات میں ٹرافی فیصل مسجد اسلام آبادلائی گئی۔فیصل مسجد کے سامنے ٹیسٹ کرکٹر جنید خان نے ٹرافی کی رونمائی کی۔اس موقع پر اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے آفیشلز بھی موجود تھے۔بعد ازاں ٹرافی کو دامن کوہ لے جایا گیا جہاں ایک بار پھر جنید خان نے ٹرافی کی رونمائی کی اور فوٹو سیشن ہوا۔ اس موقع پر انہوںنے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹرافی کی پاکستان آمد نہایت خوش آئند ہے، پاکستانی قوم کرکٹ سے جنون کی حد تک لگائو رکھتی ہے ۔ماضی میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ ہم پر امید ہیں کہ قومی ٹیم آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔

مزیدخبریں