گلابی سنڈی کپاس کا خطرناک کیڑا، حملے کااندازہ لگانا مشکل ہے: میاں منظور

Oct 07, 2018

ملتان (خبرنگار خصوصی ) گلابی سنڈی کپاس کا سب سے زیادہ خطرناک کیڑا ہے کیونکہ اس کے حملہ کا اندازہ لگانا بہت مشکل ہے۔ متاثرہ ٹینڈہ بظاہر صحت مند نظر آتا ہے جبکہ اندر سے سنڈی متاثرہ ٹینڈوں کو کھا کر کھوکھلا کردیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع میاں منظور احمد نے شجاع آباد کے نواحی علاقہ میں کپاس کی فصل پر لگائے گئے پی بی روپس کے ڈیمانسٹریشن پلاٹس پر منعقدہ فارم ڈے کے موقع پر موجود کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ ٹینڈے سے چنی ہوئی پھٹی بد رنگ ہوتی ہے جس کی وجہ سے فصل کی پیداوار اور کوالٹی متاثر ہوتی ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) رانا محمد عارف ،اسسٹنٹ ڈائریکڑ پیسٹ وارننگ مقبول شاہ، چودھری اعجاز احمد سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی انہوں نے مزید کہا کہ کچن گارڈننگ کے تحت اُگائی گئی صاف ستھری اور غذائیت سے بھر پور نامیاتی سبزیاں حاصل کر کے کچن کا بجٹ کم کیا جا سکتا ہے ۔ مقبول شاہ نے کہا کہ موسم میں نمی بڑھنے سے کپاس کی فصل پر گلابی سنڈی کے حملہ کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں جس کے لئے فصل کا باقاعدہ معائنہ ضروری ہے۔ کپاس کے 100 نرم ٹینڈوں میں5سنڈیاں گلابی سنڈی کے حملہ کی معاشی نقصان کی حد ہیں ۔

مزیدخبریں