لاہور (پ ر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والے کرکٹ میچز کیلئے قذافی سٹیڈیم میں جنرل ہسپتال کے زیراہتمام قائم 20 بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال کا دورہ کر کے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر رانا محمد شفیق بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پرنسپل نے ڈیوٹی پر موجود طبی عملے کو کہا کہ غیرملکی مہمانوں کی موجودگی میں ہمیں زیادہ چوکس اور چاق و چوبند رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایل جی ایچ کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ اس ادارے کو ایک مرتبہ پھر عالمی مواقع پر میڈیکل سروسز دینے کا موقع ملا ہے اور ہمیں ان توقعات پر ہر لحاظ سے پورا اترنا چاہئے۔