اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کے طیارے کو کینیڈا سے واپس نیویارک بلانے کی خبر من گھڑت ہے،ہفتہ وار میگزین میں شائع ایک رپورٹ قطعی من گھڑت ہے،رپورٹ میں عالمی رہنمائوں کے ساتھ وزیر اعظم کی کامیاب بات چیت کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کے طیارے کو کینیڈا سے واپس نیویارک بلانے کی خبر من گھڑت ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔حکومتی ترجما ن نے کہا ہے کہ ہفتہ وار میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ میں عالمی رہنمائوں کے ساتھ وزیر اعظم کی کامیاب بات چیت کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔ رپورٹ میں ترکی اور ملائشیا کے رہنمائوں سے وزیر اعظم کی ملاقاتوں پرخود ساختہ نظریہ بنایا گیا، آرٹیکل کا مقصد سیاسی فوائد کے لئے 2 ممالک کے برادرانہ تعلقات کو سبوتاژ کرنا ہے،پاکستان ،سعودی عرب تعلقات کوسبوتاژ کرنے کی کوشش سے ظاہرہوتاہے اپوزیشن کتنی مایوس ہے۔ مفادات کے حامل افراد ہی اس طرح کے اشتعال انگیز اور بے بنیاد دعووں کے ساتھ سامنے آئیں گے۔