چین،منصوبہ بندی ،سرمایہ کاری کے باعث دنیا میں ایک منفرد پہچان رکھتا ہے:چن ژائو ڈونگ

Oct 07, 2019

کراچی(آئی این پی)عوامی جمہوریہ چین کے کراچی میں تعینات قائم مقام قونصل جنرل چن ژائو ڈونگ نے کہا ہے کہ گذشتہ ستر سالوں کی انتھک محنت کے بعد آج چین دنیا کی دوسری بڑی معاشی طاقت بن چکا ہے۔یکم اکتوبر 1949 میں آزادی حاصل کرنے کے بعد چین نے مختلف شعبوں پر توجہ دی اور آج آٹھ سوملین افراد کو غربت سے نجات دلانے میں کامیاب ہواہے۔چائنا اپنی منصوبہ بندی ،سرمایہ کاری اورایجادات کی بدولت دنیا کے ہر خطے میں ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے خطے میں نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ اس منصوبے سے جڑے تمام ممالک میں معاشی خوشحالی آئے گی اور خطے میں استحکام کے ساتھ ساتھ ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا۔گذشتہ ستر سالوں کے دوران پاک چین دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے اور دونوں ممالک کے مابین ایک ایسا رشتہ قائم ہے جو دنیا میںبہت کم دیکھنے کو ملتاہے۔چین پاکستان کی سالمیت کے لئے دعا گو ہے اور باہمی تعاون سے ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹا جائے گا۔وہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے زیر اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کی مناسبت سے جامعہ کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میںمختلف ثقافتی اور لوک ورثے کے پروگرام پیش کئے گئے۔ چن ژائو ڈونگ نے مزید کہا کہ اندرونی مسئلہ ہو یا خطے میں تنازعات یا بین الاقوامی مسائل ہوں پاک چین کے مابین مضبوط رشتے کی بدولت دونوں ممالک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں۔اس وقت پچیس ہزار کے قریب پاکستانی طلبہ چین کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ہیں جن میں سے سات ہزار سے زائد مختلف اسکالرشپس پر تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ چین پاکستان کے لئے مزید اسکالرشپس فراہم کرے گا ۔ثقافت ،آرٹ ،آرکولوجی ،فلم اور کھیل کے شعبہ جات میں بھی تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔

مزیدخبریں