وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹھوکرنیاز بیگ کی تزئین وآرائش کامنصوبہ

Oct 07, 2019

لاہور(نیوزرپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرلاہور کے داخلی راستوں کو خوبصورت بنانے کے منصوبے کے تحت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ٹھوکرنیاز بیگ چوک اور اس سے ملحقہ علا قے کی خوبصورتی اور بہتری کا کام جاری ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے اتوار کو ٹھوکر نیاز بیگ چوک انٹرسیکشن کا دورہ کیا اور اس مقصد کے لئے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ دوسرے شہروں سے یہاں آنے والوں کے لئے لاہور کا خوشگوار تشخص اجاگر کرنے کی خاطر ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔نہر کنارے دونوں طرف گرین ایریاز قائم کر کے شہریوں کے لئے تفریح گاہ بنائی جائے ۔علاقے سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور ٹریفک مینجمنٹ بہتر کی جائے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان نے بتایا کہ منصوبے کے تحت مختلف مقامات پر سبزہ لگانے اور شجر کاری کا کام جاری ہے‘ اس مقصد کے لئے پلانٹرز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ان پر آرائشی ٹائلیں لگانے کا کام بھی جاری ہے‘علاقے میں سٹریٹ لائٹ کے 40نئے پول نصب کر دئیے گئے ہیںجن پر لائٹیں لگا کر انہیں 15اکتوبر تک روشن کر دیا جائے گا‘ٹھوکر چوک سے رائے ونڈ روڈ کی طر ف سڑک کی ایک جانب ایک ہزار فٹ طویل نئی سیور لائن بچھانے جبکہ دوسری طرف 400میٹر طویل ڈرین کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔لالہ زار پارک کے اردگرد آرائشی جنگلے لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔

مزیدخبریں