بیجنگ (اے پی پی) چین کی دوسری بین الاقوامی درآمدی ایکسپو 5 سے 10 نومبر تک شنگھائی میںمنعقد ہو گی۔ حکام کے مطابق اس ایکسپو کے دوران 6 نومبر کو بارہواں دی بیلٹ اینڈ روڈ ماحولیاتی زراعت اور تحفظِ خوراک فورم منعقد کیا جائے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق یہ فورم منڈی کے ضوابط کی ریاستی انتظامیہ ،بیرونی ممالک کے ساتھ دوستی کی چینی عوامی ایسوسی ایشن اور چینی کونسل برائے فروغِ بین الاقوامی تجارت کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا جائے گا۔ خوراک کی در آمد بڑھائو ، لوگوں کی زندگیوں کو تقویت دو کے تصور کے تحت اس فورم کا مقصد ، خوراک اور فارم کی پیداوار میں بین الاقوامی تعاون کو بڑھانا ،اس صنعت کی ترقی کے لیے اعلی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے اور اندرونِ و بیرونِ ملک، لوگوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس فورم میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سرکاری عہدے داران سمیت بین الاقوامی تنظیموں ، انجمنوں ، چیمبر آف کامرس اور کاروباری اداروں کے نمائندگان کو مدعو کیاجائے گا۔واضح رہے کہ پہلے دی بیلٹ اینڈ روڈ ماحولیاتی زراعت و تحفظِ خوراک فورم کا انعقاد 2013ء میں بو آو ایشیائی اقتصادی فورم میں کیا گیا تھا۔