سٹاک ہوم میں ریلی: سویڈن، یورپی یونین، اقوام متحدہ سے کشمیر میں مداخلت کا مطالبہ

سٹاک ہوم (نوائے وقت رپورٹ) یورپی یونین پاک فرینڈشپ کے زیراہتمام سٹاک ہوم میں یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ سنٹرل سکوائر سٹاک ہوم پرمنعقدہ ریلی میں بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ پاکستانیوں اور کشمیریوں سمیت غیرملکی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور آزادکشمیر کے پرچم تھام رکھے تھے۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مقامی سیاسی قیادت سمیت 4ہزار سے زائد افراد زیرحراست ہیں۔ فسطائی حکومت کا مقبوضہ وادی میں گزشتہ دو ماہ سے لاک ڈائون جاری ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔آرٹیکل 370 کے خاتمے کی مذمت کی اور بھارتی حکومت، مودی کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ مقررین نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموشی کے باعث پاک بھارت جنگ کا خطرہ ہے۔ سویڈش حکومت، یورپی یونین اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر فوری مداخلت کریں۔ بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کے خاتمے کیلئے دبائو ڈالا جائے۔ سویڈش حکومت مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے اجلاس میں اٹھائے۔

ای پیپر دی نیشن