ظفر محمود عباسی آج بحریہ کی کمانڈ ایڈمرل امجد خان نیازی کے سپرد کرینگے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی  آج  پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالیں گے۔ سبکدوش ہونے والے  ایڈمرل ظفر محمود عباسی ایک پروقار مگر سادہ تقریب  میں پاک بحریہ کی کمان  ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے حوالے کریں گے۔ تقریب پی این ایس ظفر میں ہو گی۔ پاکستان کے نئے امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی  اعزازی شمشیر اور شاندار کیریئر کے حامل ہیں۔ بہترین پیشہ ورانہ خدمات  کی بناء پر انہیں  ستارہ امتیاز ملٹری، تمغہ امتیاز ملٹری، اور تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔  ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1983ء میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی۔ انہیں مختلف کمانڈ اور سٹاف کی تقرریوں کا وسیع تجربہ ہے،  وہ  کمانڈنگ آفیسر پی این ایس بی اے ڈی آر، کمانڈر 18 ویں ڈسٹرائر سکواڈرن، کمانڈنٹ پی این ایس بہادر اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج، لاہور رہ چکے ہیں۔  ان کی دیگر  اہم تقرریوں میں ڈائریکٹر نیول آپریشنز، چیف سیکریٹری برائے نیول سٹاف، ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جنس، نیول ہیڈ کوارٹرز، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلیواشن) اور چیف نیول اوورسیئر (چین) شامل ہیں۔ وہ کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد، آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج سے فارغ التحصیل ہیں۔ ایڈمرل امجد خان نیازی کو فرانس کی حکومت نے فرانسیسی میڈل شیولیر (نائٹ) سے نوازا ہے۔

ای پیپر دی نیشن