چہلم سید الشہداء پر سیکیورٹی کے موثر انتظامات، حکمت عملی تیار

Oct 07, 2020

 سکھر‘ حیدرآباد‘ لاڑکانہ‘ میرپورخاص‘ خیرپور( بیورو رپورٹ/نامہ نگاران )  ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ چہلم کے دوران بھی محرم الحرام کی طرح حفاظتی اور صفائی کے انتظامات کیے جائیں تاکہ پرامن طریقے سے چہلم گذر جائے اس سلسلے میں متعلقہ ادارں کو  مشترکہ و منظم کوششیں لینا ہونگی۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنے آفس کے کانفرنس روم میں چہلم شہدائے کربلا کے انتظامات پر غور کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں رینجرز، پولیس، صحت، روینیو، بلدیات، میونسپل، سیپکو، اسکائوٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے میونسپل، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ چہلم کے جلوسوں کے روٹس کی صفائی ستھرائی، واٹرسپلائی اور اسٹریٹ لائیٹ کے بہتر انتظامات کیے جائیں، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے تعلقوں میں انتظامی وصفائی کے کاموں کی نگرانی کرینگے۔ انہوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چہلم کے موقع پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مشکوک لوگوں پر کڑی نظر رکھی جائے ۔کنری سے نامہ نگار کے مطابق چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر امن وامان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر کنری محمد حسین کھوسہ کی زیر صدارت ٹاؤن کمیٹی آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈی ایس پی کنری غلام مصطفی کاچھیلو، ایم ایس تعلقہ اسپتال کنری ڈاکٹر حاجی مبارک درس، تمام مکاتب فکر کے علماء  کرام قاری محمد ارشد، شیعہ علماء  کونسل کے ضلعئی صدر سید عباس کاظمی، ایس ڈی او حیسکو کنری، امن کمیٹی کے ممبران سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین کھوسہ نے چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر امن وامان، مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے پر زور دیا۔حیدرآباد سے  نامہ نگار کے مطابق  چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیکیورٹی  کے سلسلے میں حیدرآباد پولیس و رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ منعقد ہوا،ڈسٹرکٹ پولیس حیدرآباد کی جانب سے  پولیس و رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ اے ایس پی سائیٹ  انیل حیدر  کی قیادت میں پولیس ہیڈکواٹر سے  شروع ہوا جو اپنے مقرر راستوں سے ہوتا ہوا قاسم چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ فلیگ مارچ کا مقصد  حیدرآباد میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے  عوام  کے اعتماد  میں اضافہ کرنا تھا۔

مزیدخبریں