لاہور(آئی این پی) پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ کہنا تونہیں چاہیے لیکن حقیقت یہ ہی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم نسبتا کمزور حریف ہے اس کے خلاف نوجوانوں کو آزمانے کا یہ بہترین وقت ہوگا، لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وقاریونس نے کہاکہ مصباح الحق کی بھی یہ ہی سوچ ہے کہ نئے لڑکوں کو موقع ملنا چاہیے، اس وقت بھی ہماری ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، حارث روف ابھی نئے ہیں جو کھیل رہے ہیں، اگر موجودہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کوئی نیا بلے بازاور بالرمسلسل زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتا ہے تو اس کو زمبابوے کے خلاف سیریزمیں موقع دیا جاسکتا ہے۔ہم سب ان کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تمام میچز میں سب کا کی کارکردگی کو پرکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز نئے لڑکوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوسکتی ہے۔ ہوم سیریز میں کھیلنا اور پرفارم کرنا ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے نوجوان سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں۔ وقاریونس نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے ون ڈے کرکٹ میں واپسی زیادہ مشکل نہیں ہوگی،اس کے لیے اچھی تیاری کرنے کی ضرورت ہوگی۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے ون ڈے کرکٹ متاثر ہوئی ہے،پچھلے عرصے میں ون ڈے کرکٹ کم اور زیادہ ٹی ٹونٹی ہوئی ہے،سب کی کوشش ہے کہ موجودہ حالات میں کرکٹ بحال ہو،زمبابوے کے خلاف ایک سال کے بعد ون ڈے میچز کھیلنے جا رہے ہیں،تھوڑا کنفیوژن ہیں لیکن وائٹ بال کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں ، زیادہ مشکل نہیں ہو گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ نیوزی لینڈ پاکستان کے کھلاڑیوں کے لیئے مفید رہے گا، دورہ نیوزی لینڈ کبھی آسان نہیں رہا،نوجوانوں کے لیے شاندار موقع ہے، انگلینڈ کے مقابلے میں پاکستان ٹیم ڈومیسٹک کرکٹ کی وجہ سے بہتر پوزیشن میں ہو گی،ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے لیے کمبی نیشن بنانے کا موقع ملے گا، نیشنل ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پرنظر ہے،مزید نوجوان مل جائیں تو ٹیم کے لیئے بہتر ہوں گے۔
زمبابوے سیریز نوجوانوں کو آزمانے کا یہ بہترین موقع ہے، وقار یونس
Oct 07, 2020