اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریش نے لیبیا فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ لیبیا میں کشیدگی کم کرتے ہوئے مستقل جنگ بندی اورامن عمل میں پیشرفت کے لیے تعمیری کردارادا کریں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے گزشتہ روزلیبیا صورتحال پر اقوام متحدہ اور جرمنی کے اعلی سطحی اجلاس میں کہا کہ لیبیا میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی کے خاتمے اور امن عمل میں حقیقی پیشرفت لانا ضروری ہے اور اس کے لیے لیبیا فریقین مستقل جنگ بندی اور عوام کے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے لیبیا بحران کا حل نکالیں اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بین الاقوامی برادری کے تعاون سے لیبیا میں سلامتی و استحکام اورلیبیا فریقین میں قومی اتحاد کے فروغ کے لیے مذاکرات کی حمایت اورہنمائی جاری رکھے گا۔۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا بحران کے حل کے لیے سلامتی کونسل کے اسلحہ پابندی کے قوانین پر مکمل اورغیرمشروط عمل درآمد ہونا ضروری ہے اورغیرملکی اسلحہ کی فراہمی اور دیگر فوجی حمایت کو فوری روکنا ضروری ہے نیزملک کی تیل کی پیداواراوربرآمدات پرعائد پابندیاں مستقل، غیر مشروط اور فوری اٹھائی جائیں۔