باکو (انٹرنیشنل ڈیسک) آرمینیا سے جنگ کے دوران ترکی کے وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو اظہار یکجہتی کے لیے خود آذربائیجان پہنچ گئے۔ گزشتہ روز آذری صدر الہام علیوف نے بھی ترکی کے مسلح ڈرونز کی تعریف کی تھی اور امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے کا کہا تھا جس کے بعد آج ترک وزیر خارجہ بھی باکو پہنچ چکے ہیں۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچے تو آذری صدر الہام علیوف نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات ہوئی جس میں 'نگورنو کاراباخ' کے معاملے پر گفتگو کی گئی۔ ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ عالمی برادری غیر مشروط جنگ بندی کے مطالبے کے بجائے حق کا ساتھ دے، یعنی آذربائیجان کی حمایت کرے اور آرمینیا پر زور دے کہ وہ مقبوضہ علاقے خالی کرے۔ اس معاملے پر آذربائیجان اور آرمینیا سے ایک جیسا سلوک قبضہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ دوسری جانب آذری فوج کی پیش قدمی جاری ہے اور مزید 3 دیہات سے قبضہ چھڑا کر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔
آذری صدر کیساتھ ملاقات: عالمی برادری آرمینیا سے مقبوضہ علاقے خالی کرائے‘ ترک وزیر خارجہ
Oct 07, 2020