پاک فضائیہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بنا پر قابل قدر ہے اور قوم کے لیے واقعی سرمایہء افتخار ہے: وفاقی وزیر برائے مواصلات

  پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے آج لاہور۔ اسلام آباد موٹر وے پر لینڈنگ کی مشق کی۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز، مراد سعید اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔  ان کی آمد پر  ائیر وائس مارشل ظفر اسلم، ائیر آفیسر کمانڈنگ،  سنٹرل ائیر کمانڈ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

 پاک فضائیہ کی مختلف  اسکواڈرن سے تعلق رکھنے والے  لڑاکا اور تربیتی طیاروں نے اس مشق میں حصہ لیا۔ موٹروے پر لینڈنگ کے بعد اپنے ائیر بیسز واپسی سے پہلے ان جہازوں کی ریفیولنگ بھی کی گئی۔

 مشق میں حصہ لینے والے ہوابازوں اور زمینی عملے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بنا پر قابل قدر ہے اور قوم کے لیے واقعی سرمایہء افتخار ہے۔ انہوں نے  گزشتہ سال ستائیس فروری کو دشمن کو بھرپور جواب دینے اور قوم کی توقعات پر پورا اترنے پر پاک فضائیہ کے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فضائیہ میں باقاعدگی سے موٹروے لینڈنگ کی مشقیں پاک فضائیہ کی حربی تیاریوں کے سلسلے کا حصہ ہیں۔ اس موقع پر ائیر وائس مارشل ظفر اسلم نے مختلف اداروں بالخصوص نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹروے پولیس کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو سراہا جنہوں نے ان مشقوں کے انعقاد کے سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔  اس مشق کا بنیادی مقصد  جنگی حالات  میں ملک کی وسیع و عریض سڑکوں کے جال کو بطور رن وے استعمال کرتے ہوئے حربی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پاک فضائیہ کے لڑاکاہوابازوں کو تربیت کی فراہمی تھا۔

ای پیپر دی نیشن