غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج (بدھ)ضلع شوپیاں میں مزید3کشمیر ی نوجوان شہید کر دیے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے سوگن میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا ۔
نوجوانوں کی شہادت پر سوگن اور دیگر مضافاتی علاقوں میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے ۔ لوگوں نے گھر وں سے باہر آکر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ بھارتی فورسز اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔فورسز اہلکاروں نے مظاہرین پر گولیاں چلائیں ، پیلٹ برسائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے ۔ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے کے کئی دیگر مقامات پر بھی تلاشی آپریشن کیے۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی منظم نسل کشی میں مصروف ہے۔