نواز شریف فیک ویکسی نیشن: ہیلتھ فیلڈ سٹاف کی دوسرے روز بھی ہڑتال

نارووال (نامہ نگار) آل ہیلتھ فیلڈ سٹاف ایسوسی ایشن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی نارووال پبلک سکول ویکسی نیشن سنٹر میں فیک انٹری کے مبینہ الزام میں گرفتار نیوٹریشن سپروائزر میاں ناصر رئوف اور ویکسی نیٹر ثاقب کی گرفتاری کیخلاف ضلع بھر میں کرونا ویکسین لگانے سے انکار کر دیا۔ دوسرے روز بھی احتجاج اور نعرے بازی کی۔ آل ہیلتھ فیلڈ سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر سجاد حسین نے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ ہیلتھ نے نیوٹریشن سپروائزر اور ویکسی نیٹر کیخلاف ہونیوالی قانونی کارروائی ختم ہونے تک ضلع بھر کے نیوٹریشن سپروائزرز، کمیونٹی ڈیزز کنٹرول آفیسرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت تقریباً 15سو سٹاف ویکسین نہیں لگائے گا۔ اس حوالہ سے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالد نے بذریعہ ٹیلی فون میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر سٹاف نے کام کرنے سے انکار کیا تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ملازمین کو سرکاری کاموں میں مداخلت کرنے کا حق نہیں ہے۔ فیک انٹری کا معاملہ سائبر کرائم چیک کر رہی ہے۔ ڈاکٹر خالد نے کہا کہ کرونا ویکسین لگانے کا عمل نہیں رکے گا اگر سٹاف نے ہڑتال کی تو دوسرا عملہ کام کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن