عید میلاد النبی 2021 ''تحفہ رسول اللہ کے لیے'' کے سلوگن پرمنانے کا اعلان 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیلیور کراچی فورم کے تحت میلاد النبی 2021 کو شاندار طریقے سے منانے کے حوالے سے افتتاحی تقریب کا انعقاد مقامی آڈیٹوریم میں کیا گیا۔اس تقریب سے شہر کے محققین اور اسکالرز نے خطاب کیا۔احمد باوا نے ڈیلیور کراچی فورم کی سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا کہ فورم پاکستان میں سیاسی،مذہبی، معاشرتی اور معاشی شعور کو اجاگر کرنے کا کام کررہا ہے۔ اس کا فوکس اقوام متحدہ کی جانب سے سیٹ کئے پائیدار ترقی کے اہداف 2030 کو عوامی سطح پر متعارف کرانا ہے تاکہ پاکستان میں با اختیار عوامی حکومت کا نظام ترقی پاسکے۔ ماہر تعلیم ڈاکٹر عدنان خورشید نے ڈیلیور کراچی فورم کی جانب سے عوامی سطح پر ترقی اور خوشحالی کا شعور اجاگر کرنے پر سراہا اور اس حوالے سے تعلیمی ترقی کے حوالے سے کئے گئے کام کی تعریف کی۔ تعلیم کے شعبے سے وابستہ شخصیت شعیب مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام کو نافذ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے اسے باقاعدہ عوامی سطح پر پریکٹس کرکے دیکھایا جائے۔ جب تک آپ اپنی زندگیوں سے اسلام کا عملی نمونہ پیش نہیں کریں گے لوگوں کا اسلام کی جانب رحجان بیدار نہیں ہوگا۔استاد اور کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر اسماعیل بدایونی نے کہا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو اپنائے بغیر بہتر معاشرہ تشکیل نہیں دیا جاسکتا۔

ای پیپر دی نیشن