لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان کی کارپٹ انڈسٹری عالمی منڈی میں امتیازی مقام حاصل کرنے اور ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ کمانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کے لیے حکومت کو بہترین اور دوستانہ پالیسیاں وضع کرنی چاہئیں، بالخصوص افغانستان سے خام مال اور نیم تیار شدہ قالینوں کی پاکستان ٹرانسپورٹیشن کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر ،سینئر نائب صدر رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد کی سربراہی لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر میاں عتیق الرحمن کررہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں میجر (ر) اختر نذیر، لطیف ملک، اعجاز الرحمن، عثمان رشید اور آصف نذیر شامل تھے۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین علی افضل اور ملک ریاض اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کی کارپٹ انڈسٹری مارکیٹنگ ٹرینڈز، جدید پروڈکٹ ڈیزائننگ پر توجہ دیکر اور حکومت کی معاون پالیسیوں کی مدد سے عالمی منڈی میں خاطر خواہ جگہ حاصل کرسکتی ہے۔
کارپٹ انڈسٹری کثیر زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت رکھتی ہے:صدرلاہورچیمبر
Oct 07, 2021