نامور فنکار عمرشریف کراچی کے قابل فخر سپوت تھے:مرتضیٰ وہاب

کراچی(نیوز رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے  نامور فنکار عمر شریف کے جنازے میں شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عمر شریف ایک عظیم فنکار ہی نہیں بڑے انسان بھی تھے، ان کی نماز جنازہ میں اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کی شرکت اس امر کا ثبوت ہے کہ وہ ہر عمر کے لوگوں میں انتہائی مقبول اور ہر دلعزیز تھے، انہوں نے کہا کہ عمر شریف نے اپنی بے مثال مزاحیہ اداکاری اور شاندار پرفارمنس کے ذریعہ پوری دنیا میں اپنے ملک اور خاص طور پر کراچی کا نام روشن کیا اور وہ اس شہر کے قابل فخر سپوت تھے، عمر شریف کو تادیر ایک نفیس انسان اور بہترین فنکار کے طور پر یاد رکھا جائے گا وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ عمر شریف کی تجہیز و تدفین کے لئے حکومت سندھ نے ہر ممکن بہتر انتظامات کئے ہیں اور ہر مرحلے پر مرحوم کی فیملی سے رابطہ رکھا ہے تاکہ تمام کام ان کی رضاسے انجام پائیں، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم عمر شریف کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، 

ای پیپر دی نیشن