لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان مارچ 2023 میں کھیلوں کے بڑے ایونٹ ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کریگا، ایونٹ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، گیمز کیلئے آرگنائزنگ کمیٹیاں بھی قائم کردی گئیں۔ 22 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ کریں گے۔آرگنائزنگ کمیٹی میں آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے، ہوم سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری خزانہ شامل ہوں گے۔ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ، آڈیٹر جنرل کا نمائندہ اور وفاقی وزارت داخلہ سمیت پنجاب کے سیکرٹری صحت بھی آرگنائزنگ کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔سٹیئرنگ کمیٹی میں دفاع، خزانہ، داخلہ، خارجہ اور اطلاعات کے وفاقی سیکرٹریز شامل ہوں گے۔چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب بھی 13 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی میں رکھا گیا ہے۔سٹیئرنگ کمیٹی پلان آف ایکشن پر کام کریگی، آرگنائزنگ کمیٹی کو چلانا اور مانیٹر کرنا بھی سٹیئرنگ کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا جبکہ پالیسی گائیڈ لائنز اور وینیوز کا فیصلہ بھی یہی کمیٹی کریگی۔ انفراسٹرکچر، میڈیکل سروسز، ٹرانسپورٹ آرگنائزنگ کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے جبکہ ثقافتی شوز سمیت آپریشنل کمیٹیوں کا قیام آرگنائزنگ کمیٹی عمل میں لائے گی۔