لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیاض الحسن چوہان کو حکومت پنجاب کے ترجمان کے عہدے سے ہٹا دیا۔ فیاض چوہان کی جگہ حسان خاور کو حکومت پنجاب کا ترجمان مقرر کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد حسان خاور کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ حسان خاور وزیراعلی کے معاون خصوصی اطلاعات کے ساتھ حکومت پنجاب کے سرکاری ترجمان بھی ہوں گے۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و خصوصی اقدامات حسان خاور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے 13-2012 میں مسلم لیگ (ن) کے کئے گئے معاہدے کی آدھی قیمت (آج کی قیمت) پر میٹرو بس کا معاہدہ کیا۔ آج زیادہ مسابقتی ماحول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 اور 2021 کے دونوں معاہدے 64 بسوں کے لیے کئے گئے۔ دونوں بسیں چائنہ کی بنی ہوئی ہیں۔ انڈسٹری کے ماہرین بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ قیمتوں میں فرق بہت اہم چیز ہے۔ خاص طور پر جب نئی بسوں میں ایندھن کی کارکردگی بھی بہتر ہو۔لاہور سے سٹی رپورٹر کے مطابق حسان خاور کی تقرری کے نوٹیفکیشن: وزیراعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری نے تاریخ اگلے سال کی لکھ دی جس پر انہیں سخت تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پر نسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلی پنجاب سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ٹائپنگ ایرر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ نوٹیفکیشن پر ڈائری نمبر کے ساتھ لکھی گئی تاریخ درست ہے تاہم اس نوٹیفکیشن کو بھی درست کر لیا گیا ہے۔
فیاض چوہان کی جگہ حسان خاور ترجمان پنجاب حکومت مقرر
Oct 07, 2021