اسلام آباد+ملتان (خبر نگار+ نیٹ نیوز+نمائندہ نوائے وقت ) سابق وزیراعظم نواز شریف کے بعد ان کی مرحومہ اہلیہ بیگم کلثوم نواز‘ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی کرونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹری کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کو ویکسین لگانے کی جعلی انٹری میلسی میں کی گئی۔ انہیں سائنو ویک کی پہلی ڈوز 5 اکتوبر کو لگائی گئی۔ ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کو دوسری ڈوز کیلئے 6 نومبر کو بلایا گیا ہے۔ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کو تین سال ہو چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کو سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو کی جعلی انٹری کی گئی۔ ملتان میں انٹری کرنے والے ڈسپنسر عاشق کوگرفتار کر لیا گیا ۔ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ملتان کے ہیلتھ یونٹ سے اسحاق ڈار کی ویکسینیشن کی جعلی انٹری کی گئی۔ محکمہ صحت پنجاب نے جعلی اندراج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا۔
بیگم کلثوم نواز‘ اسحاق ڈار کو بھی فیک کرونا ویکسی نیشن کا انکشاف
Oct 07, 2021