خاتون سے ناجائز تعلقات کا الزام‘ محمد والا میں نوجوان کی آنکھیں نکال دیں 


چنیوٹ+ چناب نگر + لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) تھانہ محمد والا میں افسوسناک واقعہ  پیشں آیا۔ جہاں خاتون سے ناجائز تعلقات کے الزام پر نوجوان ناصر کی دونوں آنکھیں نکال دیں گئیں۔ خاتون سے ناجائز تعلقات کے مبینہ الزام میں ملزموں نے   نوجوان ناصر کی دونوں آنکھیں نکال دیں۔ تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔ جبکہ ڈی پی او چنیوٹ ظفر بلال شیخ کے مطابق واقعہ میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم شخص کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے۔ ایسے واقعات ناقابل برداشت، قانون کی بالادستی قائم رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ جبکہ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق عابد اور ذوالفقار کو شک تھا کہ ناصر کے ان کی بہن سے ناجائز تعلقات ہیں۔ جس پر انہوں نے موقع پاکر ناصر کو جکڑ لیا اور تشدد  کیا ، اس کی آنکھوں میں کیل ٹھونک کر اس کی بینائی چھین لی اور فرار ہو گئے۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے چنیوٹ کے تھانہ محمد والا کی حدود میں شہری کی آنکھیں نکالنے کے دلخراش واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا۔ متاثرہ شہری کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

ای پیپر دی نیشن