اسلام آباد/ لاہور (خبر نگار+ سپورٹس رپورٹر) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید1 ہزار 212 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 39 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 2 ہزار 171 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 60 فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 27 ہزار 986 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 53 ہزار 868 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 44 ہزار 828 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 79 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے نادرا اور سول انتظامیہ کے الحاق سے ان تحصیلوں کے لیئے جامع پروگرام مرتب کر لیا جہاں ویکسین لگوانے کی شرح نسبتاً کم ہے۔ اس ضمن میں انتظامیہ اور نادرا، تحصیل کی سطح پہ ان افراد کو ویکسین لگوانے کی لیے قائل کریں گے جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور موجود ڈیٹا کی مدد سے غیر ویکسین شدہ افراد کا سراغ لگایا جائے گا۔ عوام سے اس ضمن میںبھرپور تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ دریں اثناء نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شامل ٹیم بلوچستان کے 4 کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کے بعد انہیں 10 روز کیلئے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا۔ دیگر تمام کھلاڑیوں کا ٹیسٹ منفی آگیا۔ دیگر تمام افراد اور ان کے اہل خانہ کا بھی ٹیسٹ کیا گیا تھا جن کے رزلٹ منفی آچکے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز شیڈول ناردرن اور بلوچستان کے درمیان میچ ملتوی کردیا گیا اور اس کے بجائے ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا گیا۔ بلوچستان اور ناردرن کے درمیان ملتوی ہونے والا میچ 9 اکتوبر کو شام کو کھیلا جائیگا۔
کرونا: 39 اموات، بلوچستان ٹیم کے 4 کھلاڑی پازیٹو، ناردرن کیساتھ ٹی 20 ملتوی
Oct 07, 2021