لاہور ( خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ صاحبزادہ پیر خالد سلطان القادری نے کہا ہے کہ اہلسنّت قیام پاکستان کی طرح تعمیر پاکستان کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام و نامراد ہونگے۔ پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے قومی اتحاد و یکجہتی ناگزیز ہے۔ پاکستان سے محبت کا چراغ ہر پاکستانی کے دل میں روشن کرنے کی ضرورت ہے۔ دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مقامات پر پیغام پاکستان کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ پیر خالد سلطان القادری نے کہا کہ یا رسول اللہ ؐکہنے والے اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ آنے والا دور درود والوں کا ہو گا۔محبت رسول کا جذبہ ناقابل تسخیر طاقت ہے۔ مغربی قوتیں مسلمانوں کے جذبہ عشق رسول ؐکو سرد کرنے کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان کے اسلامی نظریاتی تشخص کو ختم نہیں ہونے دیں گے۔