ملتان ، خانیوال ، میلسی میں لاکھوں کی ڈکیتیاں ، پولیس کا مقدمات درج کرنے پر اکتفا

Oct 07, 2021

ملتان‘ خانیوال‘ میلسی‘ اڈا لاڑ‘ دائرہ دین پناہ (جنرل رپورٹر‘ نمائندوں سے )  چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کے سامان اور نقدی سے محروم ہو گئے جبکہ اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔تفصیل کے مطابق اڈا لاڑ میں نامعلوم مسلح افراد غلام عباس کے بھانے میں داخل ہو ئے اسلحہ کے زور پر اس سے 1 لاکھ 20 ہزار رو پے اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔سمیجہ آباد ملتان میں نامعلوم افراد صدیق کے گھر داخل ہو ئے اور گھر سے 50 ہزار نقدی اور دو تولہ سونا لوٹ کر فرار ہو گئے۔قصوری چوک سے نامعلوم افراد نے قمر سے 17 ہزار روپے نقدی چھین لی۔گلبرگ کالونی میں نامعلوم افراد نے عرفان سے 30 ہزار روپے نقدی چھین لی۔سوئی گیس روڈ سے نامعلوم افراد ڈاکٹر خالد بخاری سے 12 ہزار نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ٹاٹے پور میں ٹیلی فون ایکسینج کے قریب پانچ مسلح افراد عبدالجبار کے گھر داخل ہو ئے اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور گھر سے 7 تولہ سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔نیو ملتان میں وقاص سے موبائل فون چھین لیا گیا۔مخدوم رشید میں نامعلوم افراد رمیض کے گھرسے 3 لاکھ مالیت کے بکرے چوری کرکے لے گئے۔بستی ملوک میں نا معلوم افراد انصر کے گھر سے 2 لاکھ مالیت کے زیوارات لوٹ کر فرار ہو گئے۔تھانہ چہلیک کے علاقہ قدیر آباد میں نامعلوم۔افراد شوکت کے گھر سے نقدی و زیوارات لو ٹ کر فرار ہو گئے۔ خانیوال کے نواحی علاقہ 58/15Lسے چوک جمال جاتے ہوئے صغیر احمد اور محمدایوب نامی شخص سے نامعلوم ڈاکوئوں جو 125موٹرسائیکل پر سوار تھے انہوںنے 6لاکھ روپے نقدی اور 2موبائل فونز چھین لئے متعلقہ پولیس مصروف کارروائی ہے ۔ خانیوال کے نواحی علاقے 58/پندرہ ایل کے قریب صغیر احمد اور محمد ایوب جو کہ اپنے کیری ڈبہ میں چوک جمال کی طرف جارہے تھے ،اچانک ایک بلا نمبری  موٹر سائیکل125پر سوار دو ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پر روکا اور ان سے 6لاکھ روپے نقدی اور دو موبائل فونز لے گئے ،دوسری واردات میں تین ڈاکوؤں نے تھانہ نواں شہر کے علاقے چاہ پیر والہ سے گن پوائنٹ پر  موٹر سائیکل چھین لی،ایک اور واردات میں خانیوال شہر میں واقعہ گلاب ہوٹل کے باہر سے نامعلوم چور ابو بکر کی موٹر سائیکلچوری کر کے فرار ہوگئے ،پولیس خانیوال مصروف کارروائی ہے۔ دائرہ دین پناہ کے نواحی علاقہ 516 ٹی ڈی اے میں  اسلحہ کے زور پر 5 نامعلوم نقاب پوش ڈاکو مویشی پال کاشتکار غلام مصطفٰی موراث کے گھر اسلحہ کے زور پر داخل ہوگئے۔ گھر کی تلاشی لی۔آہنی صندوق سے 3 لاکھ 50 ہزار نقدی،9 لاکھ مالیت  کے زیورات اور 2 لاکھ 50 ہزار مالیت کے راجن پوری نسل کے بکرے کیری ڈبہ پر اٹھا کر فرار ہوگئے۔پولیس تھانہ دائرہ دین پناہ نے ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔ میلسی میں چک نمبر 125 ڈبلیو بی کا رہائشی اللہ دتہ مویشیوں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتا ہے گذشتہ روز وہ اپنے بھانجے سرفراز کے ہمراہ منڈی میں مویشی فروخت کر کے موٹر سائیکل پر سوار اپنے گھر واپس آ رہا تھا کہ موضع عزیز قہم کے قریب عقب سے تعاقب کرتے ہوئے 3 نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو آ گئے اور انہیں گن پوائنٹ پر روک لیا اور تلاشی لیتے ہوئے مویشیوں کی فروخت سے حاصل ہونے والے 7 لاکھ 10 ہزار روپے چھین لیئے اور فرار ہو گئے پولیس تھانہ مترو نے مقدمہ درج کر لیا اسی طرح ملتان روڈ کے دکاندار عبد المتقد کی سینٹری کی دکان سے نامعلوم کار سوار ایک شخص نے اندر داخل ہو کر دراز میں موجود 80 ہزار روپے کی رقم اور 21ہزار روپے مالیت کا موبائل فون اٹھا لیا اور فرار ہو گئے سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ۔

مزیدخبریں